
واشنگٹن (92 نیوز) آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب عالمی معیشت کو 12 ہزار ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، دنیا کی مجموعی جی ڈی پی 4.9 فیصد گرنے کا خدشہ ہے جبکہ وباء کے پہلے جیسی معاشی صورتحال تک پہنچنے میں دو سال کا وقت لگ سکتا ہے۔
کورونا وائرس عالمی معیشت کو لے ڈوبا۔ آئی ایم ایف نے سابقہ اندازوں سے بھی بد تر صورتحال کی پیشگوئی کردی۔
آئی ایم ایف کی چیف ماہر معاشیات گیتا گوپی ناتھ نے ورچوئل پریس کانفرنس میں بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو 12 ہزار ارب ڈالر نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، عالمی جی ڈی پی 4.9 فی صد گرنے کا خدشہ ہے، ترقی یافتہ ممالک کی معیشت میں 8 فی صد گراوٹ اور ترقی پذیر ممالک کی معیشت میں 3 فیصد تنزلی کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں برس اطالوی معیشت 12.8 فیصد، فرانسیسی معیشت 12.5 فیصد، برطانوی معیشت 10.2 فیصد اور امریکی معیشت 8 فیصد سکڑنے کا خدشہ ہے،،صرف چین کی جی ڈی پی میں ایک فی صد اضافہ کی توقع ہے۔
آئی ایم ایف نے آئندہ برس کے لئے عالمی شرح نمو کا سابقہ تخمینہ تبدیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2021 میں عالمی شرح نمو 5.4 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ تخمینے سے بھی 0.4 فیصد کم ہے، تاہم آئندہ برس کے شروع میں وبا کی دوسری لہر آئی تو عالمی معیشت میں ترقی کی رفتار صفر رہ جائے گی۔