
اسلام آباد: (03 جولائی 2020) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک صارفین سے واجبات کی وصولی کی اجازت دیدی۔ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی صارفین کی مختلف کیٹیگریز کیلئے بجلی ٹیرف ایک روپیہ 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے تک مہنگا ہوجائے گا۔
اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کے الیکٹرک صارفین سے مارچ 2016ء سے مارچ 2019ء تک کی سہ ماہیوں کے واجبات کی وصولی شروع کی جائے۔ کمیٹی نے کورونا ویاء کے باعث مارچ میں وصولی کو تین ماہ کیلئے موخر کردیا تھا۔ کمیٹی نے صارفین سے 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ وصولی کی اجازت دی تھی۔
کمیٹی نے احساس پروگرام کے تحت 37 لاکھ مستحقین کو 29 ارب 72 کروڑ روپے کی نقد امداد فراہم کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ مستحقین کو 12 ہزار روپے فی کس امداد فراہم کی جائے گی۔ یہ رقم رواں مالی سال احساس پروگرام کیلئے مختص 200 ارب روپے سے امداد فراہم کی جائے گی۔ تخفیف غربت ڈویژن نے 31 لاکھ نئے مستحقین کو امداد فراہم کرنے کی سفارش کی تھی۔
ای سی سی نے سردیوں میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کی طرف سے گھریلو صارفین کو 74 ارب روپے مالیت کی درامدی ایل این جی کی فراہمی پر غور کیا۔ سوئی ناردرن کی طرف سے بتایا گیا کہ 91 فیصد گھریلو صارفین 121 روپے ماہانہ بل ادا کرتے ہیں۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اوگرا کو معاملہ کو حل تلاش کرنے کی ہدایت کردی۔ اس معاملے پر غور کے بعد پالیسی سازی کی جائے گی تاکہ گیس کے شعبے میں گردشی قرض کو روکا جا سکے۔
ای سی سی نے موسم ربیع کی یوریا کھاد ضروریات کیلئے ایل این جی کے استعمال پر 96 کروڑ روپے کی سبسڈی کی منظوری بھی دے دی۔ رواں مالی سال دسمبر تا فروری یوریا کے دو لاکھ فاضل ذخائر کیلئے دو بند یوریا پلانٹس کو ایل این جی پر چلایا جائے گا۔ ایگریٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزرز کو جولائی اور ستمبر میں یوریا بنانے کیلئے کم قیمت پر ایل این جی فراہم کی جائے گی۔
ای سی سی نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے آئندہ مالی سال کے 4 ارب 59 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔