
لندن: (30 جون 2020) پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کیلئے برطانیہ پہنچنے والے پاکستانی کرکٹرز اور معاون اسٹاف کی کورونا ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ اسکواڈ ممبران چودہ تک قرنطینہ میں رہیں گے۔
انگلینڈ پہنچنے والے پاکستانی کرکٹرز اور معاون اسٹاف کی کورونا ٹیسٹنگ مکمل ہوگئی۔ اتوار کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے مانچسٹر پہنچنے والے بیس کرکٹرز اور گیارہ سپورٹنگ اسٹاف پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد لاہور کے مقامی ہوٹل میں بنائے جانیوالے بائیو سیکیور ماحول میں تھے۔ یہاں پر دوسری ٹیسٹنگ میں نیگیٹو آنے کے بعد ان کو چارٹرڈ طیارے پر سوار کیا گیا۔ ریزروز میں سے روحیل نذیر اور محمد موسیٰ کو بھی کلیئرنس کے بعد اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے قومی ٹیم کے ہوٹل میں سیمپل جمع کرلیے۔ پاکستان سے پہنچنے والے کرکٹرز اور معاون اسٹاف کے علاوہ آسٹریلیا سے براہ راست آنیوالے بولنگ کوچ وقار یونس کا ٹیسٹ بھی لے لیاگیا۔