
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے اپنی ہی حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا . راجا ریاض کے احتجاج پر حکومتی بنچز پر بیٹھے ارکان ہکا بکا رہ گئے .
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض اپنی ہی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پھٹ پڑے. انہوں نے کہا ایک رات میں ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 25 روپے بڑھا دی گئیں. انہوں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ انہیں حکومتی رکن ہونے کے باوجود ترقیاتی فنڈز نہیں مل رہے، پتا نہیں فنڈز کس کو دیئے جا رہےہیں.راجا ریاض نے کہا وہ بھی الیکشن جیت کر آئے ہیں. پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کے احتجاج پر حکومتی بنچز ہکا بکا رہ گئے اور بے بسی سے انہیں دیکھتے رہے.دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا موجودہ وقت درست نہیں تھا.ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر گفتگو نہیں ہوئی تھی اگر کابینہ میں قیمتیں بڑھانے پر گفتگو کر لی جاتی تو اچھی بات ہوتی.انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا موجودہ وقت درست نہیں تھا، بجٹ اجلاس ابھی جاری ہے پاس نہیں ہوا اس لیے تھوڑا انتظار کر لیا جاتا.
علی محمد خان نے کہا کہ قیمتیں اچانک کیوں بڑھائی گئیں اس بارے میں علم نہیں، عالمی سطح پر قیمتیں بڑھ رہی ہیں شاید اس لیے یہاں بھی بڑھائی گئیں. یادرہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب کورونا کی وجہ سے معاشی مسائل سے دوچار عوام کیلئے بری خبر سامنے آئی جب وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا گیا ہے.وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری منظور کرلی جس کے بعد وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا.وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 25 روپے 58 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 100روپے 10پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے.ڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 101روپے46پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23روپے 50پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 59روپے 6 پیسے مقرر کی گئی ہے. وزارت خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17روپے 84پیسے فی لیٹراضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 55روپے 98 پیسے مقرر ی گئی ہے.عام طور پر پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نفاذ ہر ماہ کی پہلی تاریخ سے ہوتا ہے تاہم اس بار نئی قیمتوں کا اطلاقجمعہ کی رات 12 بجے سے ہی ہوگیاذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اوگرا کی سمری کے بغیر ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کے لئے مہنگائی کے مزید دروازے کھول دئیے ہیں.
..