
اسپورٹس ڈیسک: (1 جولائی 2020) پاکستان کرکٹ اسکواڈ میں شامل بیس کرکٹرز اور بارہ منیجمنٹ اراکین کے انگلینڈ میں ہونیوالے کووڈ نائیٹین ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے۔ پاکستان میں موجود چھ قومی کرکٹرز کا بھی دوسرا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔ اب یہ کرکٹرز انگلینڈ جانے کے اہل ہیں۔ پی سی بی ان کرکٹرز کے سفری انتطامات میں مصروف ہے۔
بیس کھلاڑیوں اور بارہ منیجمنٹ کے اراکین پر مشتمل پاکستان کرکٹ اسکواڈ اٹھائیس جون کو لاہور سے مانچسٹر پہنچا تھا۔ جہاں اسکواڈ چودہ روز کا قرنطینہ مکمل کرے گا اور اس دوران ٹریننگ کی بھی اجازت ہے۔ بولنگ کوچ وقار یونس نے انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کو جوائن کیا۔ ان کا بھی کووڈ نائینٹین ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ ووسٹر میں پاکستان اسکواڈ کا کووڈ نائیٹین ٹیسٹ گذشتہ روز ہوا تھا۔ ٹیسٹ کے رزلٹ موصول ہونے کے بعد پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بیس کھلاڑیوں اور بارہ منیجمنٹ کے اراکین کے کووڈ ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
تاخیر سے اسکواڈ جوائن کرنے والے اسپنر ظفر گوہر اور فزیو کلف ڈیکن کی کورونا ٹیسٹ رپورٹس بھی منفی آگئی ہیں۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے احتیاطی تدابیر کے پروٹوکولز کے مطابق ٹریننگ سیشین میں حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے فٹنس ٹریننگ کے ساتھ بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس بھی کی۔