
لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ارتغل غازی کو فرنچائز کا برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کا اشارہ دے دیا- سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جاوید آفریدی نے لکھا کہ’’ آپ کیا کہیں گے اگر ارتغل غازی پشاور زلمی کو بطور برانڈ ایمبیسیڈر جوائن کرلیں‘‘- جاوید آفریدی کے اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین میں یہ تجسس بڑھ رہا ہے کہ کیا واقعی ارتغل غازی پی ایس ایل فیملی کا حصہ بننے جارہے ہیں . یاد رہے کہ ارطغرل غازی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے معروف ترکش اداکاروں کو بھی پاکستان میں اپنے ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ ہوچکا ہے اور اب تک کئی اداکار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کر چکے ہیں .
کئی اداکاروں نے پاکستانیوں کی محبت دیکھتے ہوئے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دے دیا اور جلد ہی یہاں آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا .
ارطغرل غازی کے سلیمان شاہ نے پاکستانیوں کی محبت پر اظہار تشکر کے لیے منفرد طریقہ بنایا. ارطغرل غازی میں قائی قبیلے کے سردار سلیمان شاہ کا کردار ادا کرنے والے اداکار سردار گوکخان نے سوشل میڈیا پر پاکستانی پرستاروں کا شکریہ ادا کیا.انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاکستانی پرچم کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اردو میں اپنے پاکستانی مداحوں کے لیے پیغام لکھا اور کہا کہ میرے پیارے پاکستانی دوستو آپ کی دلچسپی اور پیار کے لئے بہت شکریہ. ساتھ ہی انھوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا.انہوں نے اپنا پیغام پاکستان کی قومی زبان اردو اور ترکش زبان میں تحریر کیا.سردار گوکخان نے ارطغرل غازی دیکھنے اور ڈرامے کے تمام کرداروں کو سراہانے پر تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا.قبل ازیں اسلامی تاریخ کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں بہادر جنگجو اور سلیمان شاہ کے بیٹے ’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انجین التان دوزیتان نے بھی جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی. ’دیرلیش ارطغرل‘ میں قائی قبیلے کے سردار سلیمان شاہ کے بیٹے’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انجین التان دوزیتان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک اسٹوری شیئر کی. انسٹاگرام پر شیئر کردہ اسٹوری میں انجین التان نے پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک کے نئے ریکارڈ کی تصویر شیئر کی جس کے مطابق صرف 18 دن میں یوٹیوب پر ’ارطغرل غازی‘ کو 10 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے. انجین التان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستانیوں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’ارطغرل غازی‘ دیکھنے پر سب کا شکریہ ادا کیا. انہوں نے جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے ایک دن میں آپ سب سے ضرور ملاقات کروں گا..
..