پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اپنے اور یورپی یونین ایئر سفیٹی ایجنسی کے تحفظات دور نہ کرسکی۔
تفصیلات کے مطابق یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان پر پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے سی اے اے کے اجازت نامے کی معطلی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی مستقبل سے متعلق ضروری معلومات کی فراہمی تک اجازت نامہ معطل رہے گا۔
اس سلسلے میں یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کو خصوصی مراسلہ جاری کردیا ہے۔
ذرائع کا کہناہے کہ یورپی ایجنسی نے سول ایوی ایشن پر عائد عارضی پابندیاں مستقل کرنے پر غور شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں سی اے اے کا اجازت نامہ مستقل بنیادوں پر منسوخ کرنے کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب سفری پابندیوں اور غیر معمولی حالات کے پیش نظراجازت نامہ منسوخ نہیں کیا جا رہا، بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے سی اے اے پر سیفٹی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ بین الاقوامی سول ایوی ایشن کے تحفظات سی اے اے کی درجہ بندی میں تنزلی کا اشارہ ہیں۔