
منی لانڈرنگ، شہباز شریف نے بیوی بچوں سے کروڑوں روپے نقد تحفتاً وصول کیے، نیب
لاہور (92 نیوز) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ انکوائری میں مزید پیش رفت سامنے آگئی، نیب دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے بیوی بچوں سے کروڑوں روپے نقد تحفے کی طور پر وصول کیے، جس پر پوچھ گچھ کی جائیگی۔
دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے فیملی ممبران سے 10 سالوں میں 4 کروڑ 27 لاکھ 46 ہزار 678 روپے وصول کیے۔ شہباز شریف نے اپنے بیٹے حمزہ سے 2008 میں 1 کروڑ 59 لاکھ 95 ہزار 338 روپے وصول کیے۔ نصرت شہباز سے 2009،10 میں 73 لاکھ 50 ہزار تحفے میں وصول کیے۔ 2017ء سے 2019ء تک سیلمان شہباز سے 1 کروڑ 94 لاکھ 1 ہزار 340 روپے وصول کیے، شہباز شریف کو رقوم ان کے اکائونٹ میں منتقل کی گئی۔
نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے کروڑوں روپے نقد تحائف کی صورت میں موصول ہونے کے انکم ذرائع سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ شہباز شریف، حمزہ شہباز، نصرت شہباز اور سیلمان شہباز کا بنکنگ ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔