
اسلام آباد: (03 جولائی 2020) پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر اہم تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کو بتایا کہ بھارت داخلی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے اور ہر مشکل گھڑی میں چین کی معاونت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری فیز 2، بی آر آئی منصوبے کا انتہائی اہم حصہ ہے۔ اس پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔