وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے اگلے اڑھائی سال کارکردگی کے قرار دے دیے ہیں ، اڑھائی سال میں حقیقی کارکردگی عوام کو نظر آئے گی۔
عمران خان نے کہا کہ پارٹی رہنما اور ترجمان گراں فروشی اور مہنگائی پر نظر رکھیں گے ، مہنگائی کے خلاف ہماری حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
اجلاس میں عمران خان نے گزشتہ اڑھائی سال میں حکومتی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سٹہ مافیا ایک جرم ہے سٹہ مافیا کو اب بچنے نہیں دیں گے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت بنیادی اشیاء کے حوالے سے قانون سازی کررہی ہے ، چینی کے پرائس ہم نے طے کر دیے ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے بنیادی اشیائے خوردونوش کے حوالے سے قانون سازی پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے بھی اجلاس کو ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔